نتیجہ فکر: محمد وثیق الفت نظامی مصباحی
اگیا، چھاتا، ضلع سنت کبیر نگر، یوپی
9648786541
جب شعور و آگہی سے ہوگی دنیا بہرہ ور
نعرہء تکبیر سے گونج اٹھیں گے دیوار و در
علم کی برسات سے شاداب ہوگا ہر چمن
جھوم اٹھیں گے خوشی سے تشنگانِ علم و فن
ظلم کا سر عدل کی تلوار سے ہوگا قلم
ظالموں کا ٹوٹ جائے گا تکبر اور بھرم
شیر اور بکری رہیں گے دوستوں سے ایک ساتھ
بالیقیں ہوگا نظامِ مصطفی کا سب پہ ہاتھ
شرک وبدعت،کفرکی زنجیریں توڑی جائیں گی
ظلمتیں، تارکیاں خود اپنے منھ کی کھائیں گی
ہر طرف اسلام کا پرچم لگایا جائے گا
عدل اور انصاف کا سکہ چلایا جائے گا
اس جہاں سے ختم ہو جائے گا فرقِ ذات پات
ساتھ بھائی چارے کے ہوگی یہ ساری کائنات
فوقیت ہوگی نہ عربی کو کسی عجمی پہ تب
بھائی چارےاورمحبت سےرہیں گےسب کےسب
بت شکن آئیں گے، کر دیں گے بتوں کا ختم راج
جڑ سےمٹ جائیں گےپھردنیاکے بد رسم ورواج
” لا الہ الا ھو ” کی بس صدائیں آئیں گی
"ہیں رسول اللہ محمد” یہ ہوائیں گائیں گی
رنگ لائے گی یہ مظلوموں کی آہِ نیم شب
کبر و نَخوت وقت کے فرعونوں کا توڑے گا رب
ہوں گےروشن جیسےدن،چمکیں گےمثلِ ماہتاب
دینِ حق کے ماننے والے ہی ہوں گے کامیاب
ہے یقیں الفت! کہ اک دن ایسا آئے گا ضرور
داعیانِ دیں کو جو بخشے گا فرحت اور سرور