ذکیؔ طارق بارہ بنکوی
سعادت گنج، بارہ بنکی یوپی، بھارت
چیف ایڈیٹر: روزنامہ صداے بسمل
میں مر جاؤں تو میری صرف یہ پہچان لکھ دینا
مرے ماتھے پہ میرے خوں سے ہندستان لکھ دینا
وہی کہ عظمتوں پر جن کی جنت بھی نچھاور ہے
وہ ہیں بھارت کے میرے کھیت اور کھلیان لکھ دینا
جو تم سے سورگ کا سنچھپت ورڑن کوئی کروائے
تم اک کاغذ اٹھا کر صرف ہندستان لکھ دینا
ہمارے ملک کا اتہاس جب بھی تم کبھی لکھنا
مسلمانوں کو دل اور ہندوؤں کو جان لکھ دینا
یہاں اک دوسرے کو بانٹتے ہیں پیار آپس میں
یہاں ہوتا ہے ہر اک دھرم کا سمان لکھ دینا
مری تہذیب و یکجہتی کے یہ روشن منارے ہیں
گرنتھ و بائیبیل و گیتا اور قرآن لکھ دینا
"ذکی” یہ جسم و جاں کیا مال و زر کیا عیش و عشرت کیا
مرا سب کچھ مرے بھارت پہ ہے قربان لکھ دینا