کل علی گڑھ قیام کے دوران شہزادہ امین ملت حضرت مولانا سید امان میاں صاحب قبلہ کو میں نے میسیج کیا کہ ملاقات کی خواہش ہے کس وقت حاضر ہو جاؤں۔۔۔۔۔؟ تھوڑی دیر میں آڈیو ریکارڈنگ کے ذریعہ جواب ملا کہ مارہرہ شریف سے واپس ہو رہا ہوں آپ کا قیام کہاں ہے ۔۔۔۔۔؟ میں نے جواب دیا "معاذ رمزی بھائی کے یہاں” فرمایا ایڈریس بھیج دیجیئے، مجھے ایڈریس معلوم نہیں تھا لہٰذا کرینٹ لوکیشن بھیج دی، تھوڑی دیر میں صاحب خانہ معاذ رمزی بھائی آ کر کہنے لگے کہ حضرت امان میاں صاحب کا فون آیا تھا بعد فجر تشریف لائیں گے ۔
نماز فجر کے بعد میں منتظر تھا کہ معاذ بھائی نے بتایا حضرت کا فون آیا ہے رات وہ سو نہیں سکے لہٰذا تھوڑا آرام فرما کر دس بجے تک تشریف لائیں گے، میں تقریباً ساڑھے نو بجے ناشتے سے فارغ ہو کر بیٹھا تھا کہ معاذ بھائی نے بتایا کہ حضرت تشریف لا رہے ہیں میں لینے جا رہا ہوں، وہ لینے چلے گئے، مولانا مجیب صاحب کے ساتھ چند احباب مجھ سے ملنے آ گۓ ان سے محو گفتگو تھا کہ اطلاع ملی کہ حضرت ڈرائینگ روم میں تشریف لے آۓ ہیں، میں ڈرائینگ روم میں ملنے کے لئے حاضر ہوا، سلام و حضرت کی دست بوسی کے بعد ہم لوگ بیٹھ گئے، گفتگو شروع ہوئ مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا، حضرت نے ماشاءاللہ 5 مدارس مختلف علاقوں میں قائم فرمائے ہیں، اور کئ علاقوں میں عورتوں کے اجتماعات کا انعقاد بھی کرواتے ہیں، 24 اگست کو دہلی میں ہوۓ پروٹسٹ کے تعلق سے تفصیلی گفتگو ہوئ، دعاؤں سے نوازتے رہے فرمایا آپ جو کام کر رہے ہیں یہ بہت بڑا اور اہم کام ہے میں آپ کے لئے دعا کرتا رہتا ہوں، تحریک فروغ اسلام کے اغراض و مقاصد پر بھی مختصراً گفتگو ہوئ خوشی کا اظہار فرمایا۔ یہ گفتگو تقریباً ایک گھنٹے سے زائد چلی، مجھے 11 بجے متھورا اسٹیشن کے لئے نکلنا تھا لہٰذا میں نے معذرت کے ساتھ اجازت لی، چلتے وقت کچھ رقم بھی عطا فرمائی۔
یہ حضرت سے بالمشافہ پہلی ملاقات تھی لیکن بالکل احساس نہ ہوا کہ یہ پہلی ملاقات ہے، الحمدللہ اخلاق و انکساری کا پیکر نظر آۓ، جس طرح حضرت نے مجھ جیسے چھوٹے اور کم تر پر کرم نوازی فرمائ یہ اصاغر نوازی کا بہترین نمونہ ہے۔
دعا ہے کہ اللہ کریم حضرت کے علم،عمل، عمر و رزق میں برکتیں عطا فرمائے آپکی تمام خدمات دینیہ کو قبول فرمائے۔ ہمیں بھی اپنے چھوٹوں پر ایسے ہی شفقت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین
سگ بارگاہ رسالت
قمر غنی عثمانی قادری چشتی
16 اکتوبر 2021 بروز سنیچر