سوگوار قلم: سید صابر حسین شاہ بخاری قادری
بسم اللہ الرحمن الرحیم
نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین
ابھی ابھی شہر اقبال سیالکوٹ سے اس روح فرسا خبر نے تڑپا کر رکھ دیا ہے کہ ہمارے ممدوح ممتاز عالم دین مناظر اسلام حضرت علامہ ابو الحامد محمد ضیاء اللہ قادری سیالکوٹی رحمۃ اللہ علیہ کے فرزند جلیل اور جانشین صاحب زادہ محمد حامد ضیاء قادری رحمۃ اللہ علیہ بھی داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
مولانا محمد حامد ضیاء قادری رحمۃ اللہ علیہ ہر دل عزیز شخصیت کے مالک تھے۔ آپ اپنے والد گرامی کے جانشین بھی تھے۔ مناظر اسلام کی وفات حسرت آیات کے بعد آپ نے کچھ عرصہ ماہ نامہ”طیبہ” سیالکوٹ کو جاری رکھنے کی کوشش کی مگر علالت اور گونا گوں مسائل کی وجہ سے جاری نہ رکھ سکے۔ جس کا انہیں قلق تھا
12/اکتوبر 2021ء کو جب فقیر کے فرزند عزیزی مولانا سید محمد نعمان شاہ قادری مدنی سیالکوٹ شہر میں پہنچے تو فقیر نے انہیں تاکید کی کہ مناظر اسلام علامہ محمد ضیاء اللہ قادری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر ضرور حاضری دیں اور فاتحہ خوانی کریں، اور پھر ان کے صاحبزادے مولانا حامد ضیاء قادری سے بھی ضرور ملیں اور ان کی خیریت دریافت کریں اور فقیر کے ساتھ بات بھی کرائیں چنانچہ میرے فرزند نے مناظر اسلام کے مزار پر انوار پر حاضری دی اور پھر صاحب زادہ مولانا محمد حامد ضیاء قادری رحمۃ اللہ علیہ سے بھی ملے اور ان سے فقیر کی بات بھی کرائی۔ انہوں نے فرمایا کہ "میں خود بیمار ہوں اور میری والدہ ماجدہ بھی شدید علیل ہیں، ہم دونوں کے لئے دعا فرمائیں، فقیر نے دونوں کی صحت یابی کے لیے ہاتھ اٹھائے لیکن مرضی مولی از ہمہ اولی، 14/اکتوبر 2021ء کو آپ کی والدہ ماجدہ داغ مفارقت دے گئیں۔ فقیر نے فوراً مرحومہ مغفورہ کے حوالے سے تعزیتی شذرہ لکھ کر سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔ آپ نے میرے لئے میرے فرزند کواپنے والد گرامی کی دو کتابیں "مدلل تقریریں” اور”نجد سے قادیان براستہ دیوبند” دیں۔۔ آہ! آج بھی اس دار فانی سے کوچ کر کے دارالبقا کو سدھار گئے ہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
آپ اپنے والد گرامی کی وفات حسرت آیات کے بعد جامع مسجد علامہ عبدالحکیم تحصیل بازار سیالکوٹ میں دم آخریں تک خطابت کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔ آپ نہایت حلیم الطبع اور منکسر المزاج تھے۔ نباض قوم حضرت علامہ مفتی الحاج ابو داؤد محمد صادق رحمۃ اللہ علیہ کے مرید صادق تھے۔ ان کی رحلت سے ہم غمگین اور پریشان ہیں۔ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور ان کے درجات بلند سے بلند تر فرمائے اور ان کے پسماندگان بالخصوص ان کے برادران اور اہل خانہ کو صبر جمیل اور صبر جمیل پر اجر جزیل عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین۔۔۔
شریک غم اور پر نم
دعا گو ودعا جو
گدائے کوئے مدینہ شریف
احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ”خلیفۂ مجاز بریلی شریف”, سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و "ہماری آواز”
مدیر اعلیٰ الحقیقہ
ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 43710(2/رجب المرجب 1443ھ/4/فروری 2022ء ، بروز جمعۃ المبارک بوقت 10:22رات)