نتیجہ فکر : سید اولاد رسول قدسی مصباحی
نیویارک امریکہ۔
اہلِ صدق وصفا صابرِ پاک ہیں
بحرِ خُلق ووفا صابرِ پاک ہیں
چشتیہ سلسلے کی ہیں وہ آبرو
قلبِ حق کی صدا صابرِ پاک ہیں
ہیں وہ کوش بخت نورِ نگاہِ فرید
قربِ حق کی ضیا صابرِ پاک ہیں
یہ کرامت ہے کھایا نہ کچھ بارہ سال
یوں وقارِغنا صابرِ پاک ہیں
ان سے روشن ہے روحانیت کا چراغ
مہرِ مدح وثنا صابرِ پاک ہیں
رات بھر سجدہ ریزی ہے روشن دلیل
نازشِ اتقیا صابرِ پاک ہیں
ان کے دامن کے سائے میں قدسیؔ رہو
حامیِٔ بےنوا صابرِ پاک ہیں