پٹنہ: ہماری آواز(نامہ نگار) 23دسمبر// پٹنہ کے ایک ہوٹل میں ایک خاتون سپاہی کے ساتھ زیادتی کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایک پولیس اہلکار پر عصمت دری کا الزام لگایا گیا ہے۔ خاتون سپاہی کا شوہر بھی ایک سپاہی ہے۔ پولیس نے شوہر کی شکایت پر ایف۔آئی۔آر۔ درج کرکے ملزم کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا ہے۔
معاملہ دارالحکومت کے راجیو نگر پولیس اسٹیشن علاقے سے متعلق ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہےجس میں متاثرہ ، اس کا شوہر اور عصمت دری کا ملزم تینوں پولیس کانسٹیبل ہیں۔خاتون سپاہی ضلع بھوج پور کی رہائشی ہے۔ اس وقت اس کی ڈیوٹی پٹنہ ہی میں بہار پولیس کے لئے چل رہے سپاہیوں کی بحالی میں لگی ہے۔ سپاہی شوہر کی پوسٹنگ دوسرے ضلع میں ہے۔ جبکہ عصمت دری کا ملزم راجیو کمار سہرسا میں تعینات ہے۔
راجیو اور خاتون سپاہی پہلے سے ہی ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔ راجیو پیر کے روز پٹنہ آیا تھا۔ اس نے راجیو نگر پولیس اسٹیشن کے علاقے میں ایک ہوٹل میں کمرہ لیا۔ اس کے بعد اس نے خاتون سپاہی کو فون کرکے ملنے کے لیے بلایا۔پٹنہ کے گردنی باغ میں سپاہی بحالی کا عمل جاری ہے۔ یہاں سے ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد خاتون سپاہی راجیو سے ملنے پہنچی۔ گفتگو کے بعد دونوں ہوٹل کے کمرے میں چلے گئے۔ دوسری طرف سپاہی کا شوہر بھی اچانک پٹنہ آگیا۔ اس نے اپنی بیوی کی تلاش کی لیکن وہ نہیں ملی۔ اس کے بعد جب اسے کچھ سراغ ملا تو وہ تلاش کرتے ہوئے ہوٹل پہنچا۔ جس کے بعد سارا معاملہ منظر عام پر آیا۔ شوہر نے راجیو نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا ہے۔
راجیو پر الزام لگاتے ہوئے شوہر نے لکھا کہ اس نے اس کی اہلیہ کو ہوٹل میں راغب کیا اور وہاں اس کے ساتھ زیادتی کی۔ راجیو نگر پولیس اسٹیشن کی پولیس نے فوری طور پر ملزم کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا۔ جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
