از قلم: (مولانا) الطاف رضا نیپالی
سجادہ نشین: خانقاہ حیدریہ، تولہوا ،کپل وستو(نیپال)
اولیاے کرام سے عقیدت ومحبت ہم اہل سنت والجماعت کا طریقہ کار ہے اوریقینا ہمارا یہ شیوہ حدیث پاک ’’المرء مع من احب‘‘ کے مصداق نجات کا باعث ہوگا۔ اب محبت کا اظہار کئی طریقوں سے ہوتا ہے کوئی ان اولیاے کرام کے فضائل زبانی بیان کراپنی عقیدت کا اظہار کرتا ہے تو کوئی ان کے نام کی محفلیں رچاکر مگر سب سے مؤثر طریقہ ہوتا ہے ان اولیاے کرام کے احوال وکوائف کو سپرد قرطاس کرنا جو آگے چل کر تاریخ بن جاتی ہے اور ایسے ہی تاریخی کاموں کے لیے جانے جاتے ہیں ہمارے محب المکرم حضرت مولانا مفتی محمد شعیب رضا نظامی فیضی صاحب جن کے اللہ نے بہت زبان وقلم دونوں خوبیوں سے نوازا ہے، جہاں آپ کے ایک کامیاب مقرر ہیں تو وہیں ایک باصلاحیت مدرس ہیں ساتھ ہی ایک اچھے قلم کے مالک بھی ہیں اور ان سب سے بڑھ کر جو خوبی آپ کودوسروں میں نمایاں کرتی ہے وہ ہے منفرد وجدگانہ فکر۔ یہ انھیں کی فکر کا نتیجہ ہے کہ آج ہماری آواز عالمی شہرت کا حامل پورٹل بن چکا ہے جس سے اشاعت دین وسنیت کے ساتھ قوم وملت کی فلاح وبہبود کا خوب صورت کام ہورہا ہے۔ زیر نظر رسالہ اسی پورٹل اور اسی شخص کی تفکر وتدبر کا نتیجہ ہے جو آپ کی اسلاف شناسی کے جواہر پارے لٹا رہا ہے۔
ملک عراق یوں تو سینکڑوں سالوں سے اپنی دینی و علمی سرگرمیوں کی بنا پرجانا جاتا ہے جہاں کی خاک سے واقعتا ہیروں کی پیدائش ہوا کرتی ہے جس مقدس سرزمین پر غوث اعظم رحمہ اللہ جیسی متبرک شخصیت جلوہ فرما ہے اور اسی عراق کی مقدس زرزمین پر آپ ہی کے زمانے کے ایک بلند پایہ بزرگ حضرت سید احمد کبیر رفاعی رضی اللہ عنہ کا مزار اقدس بھی واقع ہے جن کی ذات نہ صرف بارگاہ غوثیت میں مقبول وممدوح ہوا کرتی تھی بلکہ خود نورمجسمﷺ آپ کو محبوب رکھتے تھے تبھی تو صرف آپ کی خاطر لاکھوں عشاق رسول کے درمیان اپنے دست اقدس کو نکال دیا جسے حضرت رفاعی نے اپنی آنکھوں سے لگا کر اپنے دل میں بھڑکتے عشق کے شعلوں کو ہوا دے دی۔
یقینا آپ رحمہ اللہ کی ذات بابرکات بڑی اعلیٰ و ارفع ذات ہے۔ ایسی ذات پر کام کرنا لائق صد ستائش کارنامہ ہے جس کے لیے میں مفتی محمد شعیب رضا صاحب فیضی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں،ساتھ ہی اس کام کے محرک اول اور خانوادہ رفاعیہ کے چشم وچراغ حضرت سید حسام الدین رفاعی صاحب قبلہ مدظلہ العالی کی بارگاہ میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کر نا اپنے لیے باعث صد افتخار سمجھتا ہوں۔۔۔
گرقبول افتد زہے عزوشرف