حامل نور راحت ہے عید سعید
رب عالم کی نعمت ہے عید سعید
عید گاہوں کا کہتا ہے بڑھتا ہجوم
ہر مسلماں کی شوکت ہے عید سعید
ہر مسلماں کے چہرے پہ مسکان ہے
باعث کیف و فرحت ہے عید سعید
دوست ہوں یا کہ دشمن گلے ملتے ہیں
کس قدر وجہ الفت ہے عید سعید
خوب رکھو خیال اپنے احباب کا
روز احسان و نصرت ہے عید سعید
رحمت حق سے ہوتے ہیں ہم مالا مال
یوں ہماری سعادت ہے عید سعید
مغفرت سے نوازے گئے صائمین
بخشش رب کی ساعت ہے عید سعید
"عینی "اعلان کرتے ہیں ہر سو ملک
یوم انعام و رحمت ہے عید سعید
۔۔۔۔۔۔
ازقلم: سید خادم رسول عینی