لعنت ہے خداوند کی گستاخ نبی پر
واضح رہے یہ مشرک و کفار سبھی پر
جاہل ہے جو ، وہ مرتبہ کیا شاہ کا جانے
گیانی کو نہیں شک کبھی معراج نبی پر
گستاخ ! ذرا غار تعصب سے نکل ! دیکھ
غیروں نے بھی اشعار لکھے مدح نبی پر
قرآن میں ہے، ان کو کبھی مردہ نہ کہنا
پھبتی نہ اڑائے کوئی خالق کے ولی پر
کیوں آیت تبت تجھے آئی نہ سمجھ میں
گستاخ ! تجھے ناز ہے کیوں بو لہبی پر
ناموس رسالت کے لیے جان ہے حاضر
قربان ہے ہر لمحہ پیمبر کی خوشی پر
تاریخ اٹھا ! دیکھ شہ دین کی عظمت
کیوں شک ہے زمانے کے جواد اور سخی پر
جس میں ہوئے مبعوث پیمبر ، ہے وہ اعلیٰ
ہے ناز ہمیں” عینی” بہت ایسی صدی پر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی