جلگاؤں: ہماری آواز(اُسید اَشہر)21جنوری// جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کی جانب سے ریاستی سطح پر دس روزہ دعوتی مہم بعنوان "اندھیروں سے اجالے کی طرف” منائی جا رہی ہے۔ جلگاؤں میں اس مہم کا افتتاحی پروگرام شہر کے پترکار بھون میں منعقد کیا گیا۔
پروگرام کا آغاز سید رفیق پٹوے کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جلگاؤں شہر کے امیر مقامی شیخ مشتاق احمد نے جماعت کا تعارف پیش کیا اور جماعت کی سرگرمیوں خصوصاً کوویڈ 19 اور لاک ڈاؤن کے عرصہ جماعت نے جو سماجی خدمات انجام دیں اس کے بارے میں بتایا۔
جماعت اسلامی ہند جلگاؤں کے معاون امیر اور اس مہم کے سٹی کنوینر سہیل امیر شیخ نے ہندوستانی سماج کی دگرگوں حالت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ سماج میں پھیلے اندھیروں سے مراد سماجی برائیاں ہیں۔ ان برائیوں کا واحد علاج لوگوں کو خدا کی پہچان کرانا ہے۔ انہوں نے مہم کے بارے میں بتایا کہ دورانِ مہم، ہزاروں کتابچے، فولڈرز، ویڈیوز، مسجد پریچئے اور قرآن پروچن جیسی منفرد سرگرمیوں کے ذریعے ہم وطن بھائیوں تک پہنچ کر انہیں روشنی کا پیغام پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ لوگوں کو قرآن کے انگریزی ہندی مراٹھی ترجمے مفت تقسیم کیے جائیں گے اور ان کے ذہنوں میں موجود اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کیا جائے گا۔
پروگرام کے مہمان خصوصی پولیس انسپکٹر وٹھل سسے صاحب نے اس مہم کی تعریف کی اور کہا کہ ماں کی گود اور اسکولوں میں بھائی چارے کی تعلیم ملنی چاہیے۔
جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے شعبۂ دعوت کے سیکریٹری اور مہم کے ریاستی کنوینر محمد سمیع صاحب نے مہم کی تفصیلات بتائیں اور عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کے دوران ریاست کی 12 کروڑ عوام تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی اور تمام طبقات کے مرد و خواتین تک پرنٹ، الیکٹرانک، سوشل میڈیا کے ذریعہ ذاتی طور پر مہم کا پیغام پہنچانے کی کوشش کریں گے۔
اس پروگرام میں وابستگان جماعت اور عمائدین شہر بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔