سلسلۂ رفاعیہ جو عرب میں مشہور روحانی سلاسل میں ایک عظیم روحانی سلسلہ ہے. اس سلسلہ سے فیض پانے والوں کی فہرست بڑی طویل ہے جن میں نہ صرف عرب کے ممتاز اولیائے کرام شامل ہیں بلکہ سرزمین ہند کے بھی عظیم اولیائے کرام شامل ہیں. ہندوستان کے ایسے ہی ایک عظیم روحانی بزرگ سلطان التارکین بانی سلسلہ اشرفیہ حضرت مخدوم سید اشرف جہانگیر سمنانی رحمۃ اللہ علیہ ہیں جن کا مزار پاک کچھوچھہ مقدس میں مرجع خلائق ہے.
خلافت و اجازت رفاعیہ کے حوالے سے لطائف اشرفی میں حضرت کے دو قول ہمیں ملتے ہیں ہم یہاں ان دونوں اقوال کو نقل کرتے ہیں.
(1) لطائف اشرفی میں لکھتے ہیں کہ بانی سلسلہ رفاعیہ قطب الاولیاء سید احمد کبیر رفاعی رحمتہ اللہ علیہ نے عالم خواب میں بانی سلسلہ اشرفیہ مخدوم سید اشرف جہانگیر سمنانی رحمتہ اللہ علیہ کو اپنی خلافت و اجازت سے نوازا۔
(2) حضرت قدوةالکبرافرماتے تھے کہ جب میں آخری بار حضرت مخدوم جہانیان قدس اللہ سرہ کی خدمت بابرکت میں شہر اوچ میں پہنچا اور مجھے آپ سے شرف اختصاص حاصل ہوا تو اس موقع پر حضرت نے ان تمام اکابر و شیوخ کے نام گن گن کر وہ سب فیوض عطا فرمائے جو آپ ان مشائخ سے حاصل کرچکے تھے۔
*(لطائف اشرفی حصہ اول،ص: ٦٠٩، ٦١٠).
نوٹ:- متذکرہ بالا موخر الذکر ارشاد مبارک میں وہ تمام فیوضات جو حضرت کو حضرت مخدوم اشرف جہانیاں جہاں گشت سمنانی رحمۃ اللہ علیہ سے حاصل ہوئے ان کے شجرہ جات کے مطالعہ سے فیض رفاعیہ کے حصول کا بھی پتہ چلتا ہے۔
پیش کش: بزم رفاعی، خانقاہ رفاعیہ بڑودہ گجرات