میرے دل پر بھی نگاہِ غوث کا چل جائے تیر
میں بھی بن جائوں خدایا غوث اعظم کا اسیر
آپ کے دربار سے وابستگی جس کی ہوئی
دیکھتے ہی دیکھتے وہ ہو گیا روشن ضمیر
ہر ولی کی انجمن میں آپ کی ہے روشنی
با خدا چرخِ وِلا کے آپ ہیں بدر منیر
ہو گئیں باہر بھنور سے تاجروں کی کشتیاں
جب کہا ہے المدد یا غوث اعظم دستگیر
سارے پیروں میں ہیں غوث پاک عالی مرتبت
اہلِ سنت بولتے ہیں اس لئے پیرانِ پیر
اولیا کا قافلہ جائے نہ کیوں سوئے جناں
ہیں جناب غوث اعظم اس جماعت کے امیر
میرے آقا نے چٹایا آپ کو اپنا لعاب
کیوں نہ ہوگا بول بالا آپ کا میروں کے میر
غوث اعظم کی غلامی میں گذر جائے حیات
یہ دعا مقبول ہو جائے مری ربِ قدیر
علم، تقویٰ، زہد، کردار و عمل، صبر و رضا
غوث اعظم آپ ہیں ہر زاویے سے بے نظیر
اپنے اشرفؔ کو بلا بھی لیجئے بغداد میں
کب تلک پھرتا رہے گا مارا مارا یہ فقیر
✍️ خادم امین شریعت
مولانا اشرف رضا قادری