نعت رسول

اے بانیِ اسلام

سلطانِ عرب فخرِ عجم صاحبِ اکرام
اے بانیِ اسلام اے بانیِ اسلام

جس کو ترے مولیٰ نے کِیا قبلۂ اوّل
نبیوں کی امامت ہے تری جس پہ مدلل
جو اہلِ یقیں کے لیے ہے آج بھی افضل
دیتے ہیں صدائیں اسی اقصیٰ کے در و بام
اے بانیِ اسلام اے بانیِ اسلام

امت کی سِسَکتی ہوئی آہوں کی صدا ہے
اُجڑے ہوئے گھر بار کی ، راہوں کی صدا ہے
بیواؤں کی ، بچوں کی ہے ، ماؤں کی صدا ہے
فریادی ہیں سب ارضِ فلسطین ہو یا شام
اے بانیِ اسلام اے بانیِ اسلام

پھر سے کوئی سوئی ہوئی امت کو جگا دے
پھر سے کوئی فاروق کے تیور ہی بتا دے
پھر سے کوئی بےباکیِ ایّوبی دکھا دے
ہے تیرے وسیلے سے دعائے دلِ ناکام
اے بانیِ اسلام اے بانیِ اسلام

اس قوم کو حسنینی ادا کی ہے ضرورت
پھر چادرِ زہرا کی دعا کی ہے ضرورت
دنیا کو کسی کرب و بلا کی ہے ضرورت
پھر فوجِ یزیدی کے نشانے پہ ہے اسلام
اے بانیِ اسلام اے بانیِ اسلام

مصنوعی خداؤں کو جو کعبے سے نکالا
توحید کے پرچم کو بلندی پہ اٹھایا
پھر ہونے لگی دل کے بُتوں کی یہاں پوجا
اب کعبۂ دل سے بھی کریں پاک سب اَصنام
اے بانیِ اسلام اے بانیِ اسلام

ہر سمت سے اعدا نے پریشان کیا ہے
اسلام مٹانے کا بھی ایقان کیا ہے
کتنے ہی مسلمانوں کو قربان کیا ہے
لیکن نہ مٹا ہے نہ مٹے گا کبھی اسلام
اے بانیِ اسلام اے بانیِ اسلام

جو گالیاں دیتے تھے سبھی اہل حرم کو
جو لوگ سہی مانتے تھے جبر و ستم کو
حیران تھے جب دیکھتے تھے ان کے کرم کو
اخلاقِ محمد سے سبھی پینے لگے جام
اے بانیِ اسلام اے بانیِ اسلام

بیٹی کے لیے رحمتِ حق ، ماں کا سہارا
بیواؤں ، یتیموں کو ، غریبوں کو سنبھالا
اسلام نے روکا ہے جہاں خون خرابہ
تو نے ہی زمانے کو دیا امْن کا پیغام
اے بانیِ اسلام اے بانیِ اسلام

دنیا ہے ، مگر میرے لیے کوئی نہیں ہے
اک تیرا درِ عالی ہے ، اک میری جبیں ہے
کیا کوئی جگہ ایسی زمانے میں کہیں ہے
آصفؔ کو سکوں دے جو دمِ صبح سرِ شام
اے بانیِ اسلام اے بانیِ اسلام


نتیجۂ فکر: ابن التہذیب محمد آصفؔ نوری
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے