ہماری آواز/نئی دہلی،2 فروری(پریس ریلیز) انڈین نیوز پیپر سوسائٹی (آئی این ایس) نے کسان تحریک کی رپورٹنگ کرنے والے سینئر مدیروں اور صحافیوں کے خلاف درج ہوئی ایف آئی آر کی سخت مذمت کی ہے۔
آئی این ایس جنرل سکریٹری میری پول کی جانب سے منگل کو جاری سرکاری پریس ریلیز کے مطابق آئی این ایس کے صدر ایل آدیمولم نے دہلی،اترپردیش اور مدھیہ پردیش پولیس کی جانب سے صحافیوں کے خلاف کی گئی کارروائی کی مذمت کی ہے۔
آئی این ایس نے اترپردیش اور مدھیہ پردیش حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں تاکہ پریس کے حقوق پر روک لگانے کی حالت نہ پیدا ہو اور میڈیا بغیر خوف کے اپنا فرض ادا کریں۔
واضح رہے کہ یوم جمہوریہ کے دن کسانوں کی ٹریکتر پریڈ کے دوران ہوئی تشددکو بھڑکانے ،قابل اعتراض اورگمراہ کن خبریں پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے اترپردیش اور مدھیہ پردیش میں چھ صحافیوں کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔