منقبت

داستانِ عشق: ادب اُن کی عبادت ہے، ادب ہی ان کا ایماں ہے

منقبت پاک، یار غار مصطفٰی، پاسدارِ صداقت، تاجدار امامت، فخر انسانیت، خلیفۂ اول، افضل البشر بعد الانبیاء، امیرالمؤمنین، حضرت سرکار سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ

نتیجۂ فکر: سلمان رضا فریدی مصباحی، مسقط عمان

مرے آقا کا جو در ہے ، وہ در صدیق اکبر کا
بسا ہے سبز گنبد میں ، نگر صدیق اکبر کا

فدا ہے خلد بھی اُس پر ، جہاں لیٹے ہوئے ہیں وہ
نبی کے قرب کی جنت ہے گھر صدیق اکبر کا

اترتا ہے ابھی تک” اِذھُما فی الغَار” کا صدقہ
وہی پہلو ہے اب بھی مُستَقَر صدیق اکبر کا

اَنیسِ مصطفائ بن گئ ، ہر اک ادا اُن کی
نرالا ہے جہاں سے یہ ہنر صدیق اکبر کا

ادب ان کی عبادت ہے ، ادب ھی ان کا ایماں ھے
تعارف ہے یہی بس مختصر صدیق اکبر کا

شَرَف پہلی خلافت کا، اُنھیں سرکار نے بخشا
ہے چرخِ افضلیّت پر ، قمر صدیق اکبر کا

زمانہ کیسے بھولے گا وہ” غارِثور” کا منظر
شبِ ہجرت انوکھا تھا سفر صدیق اکبر کا

بنی شمعِ نبوت کیلئے فانوس، اُن کی جاں
حصارِ شاہ تھا، تارِ جگر صدیق اکبر کا

نبی کو دیکھنا ، سب سے پسندیدہ عمل ان کا
ہے کتنا بے بہا ، نورِ بَصَر صدیق اکبر کا

فدا انسانیت کی عظمتیں ان کے تقدس پر
لقب ، بعدِ رُسُل ، افضلْ بَشَر صدیق اکبر کا

بسی اُن کی محبت حیدرِ کرار کے دل میں
ادب کرتے تھے ، عثمان و عمر صدیق اکبر کا

اِسی جذبے سے چاہت بن گئ سب سے غنی اُن کی
نبی کا عشق ہے ، انمول زر صدیق اکبر کا

کریں گے سب اجالے حشر تک، کَسْبِ ضیا اُن سے
سدا چمکے گا خورشیدِ نظر صدیق اکبر کا

ہمارے واسطے اعزاز ہے ان کی ثنا خوانی
قصیدہ ھے بہت ہی معتبر صدیق اکبر کا

وہاں سے اُس کے، سارے کام پورے ہوتے رہتے ہیں
نہیں پھرتا ہے خادم دربدر، صدیق اکبر کا

یقینا وہ ، درِ سرکار کا محبوب ھوتا ہے
جو بَن جاتا ہے محبوبِ نظر صدیق اکبر کا

بُجھا رہتا ہے سورج ، ان کے تلووں کی تجلی سے
کوئ جانے گا کیا ؟ اعجازِ ” سَر” صدیق اکبر کا

جہانِ عشق میں ہے آج بھی ان کی شہنشاہی
کہ ہے کردار ایسا تاجور ، صدیق اکبر کا

ہوئے عشق نبی کے ، آج تک جتنے دیئے روشن
فریدی ! سب میں آیا ہے اثر صدیق اکبر کا

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے