گروڈا نگر پالیکا: 16 مارچ، ہماری آواز(انوارالحق قاسمی نیپالی)
آج بتاریخ 16/مارچ 2021ء کو” نیرن نیپال” کی طرف سے گروڈا نگر پالیکا میں مختلف مذاہب کے درمیان مشترک سماجی امورکےعنوان پر ایک اہم پروگرام ہوا،جس میں مختلف ادیان کےنمائندوں سمیت گروڈانگرپالیکا کےمیر وحاکم :مشتاق احمد اورممبران نے شرکت کی۔
مجلس کاآغاز حضرت مولانا مقبول احمد کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔
نیرن نیپال کے ضلعی صدر حضرت مولانا محمد انیس الرحمن صاحب مظاہری دامت برکاتہم العالیہ نے نظامت کےفرائض انجام دینے کےساتھ ساتھ خطبہ استقبالیہ بھی پیش کیا،جس میں مہمانوں کا تہ دل سے شکریہ اداکیا۔
پھر مجلس اپنےمقصد کی طرف رواں دواں ہوگئی ۔
اس مجلس میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا،مگر ان میں بھی سب سے اہم امر سماج میں مشترک طور پرمتعدد مذاہب کےدرمیان مروج تلک و جہیز جیسی لعنت کےخاتمہ کےسلسلے میں غور و خوض کیا گیا ۔
ملک نیپال کےنامور عالم دین حضرت مولانا محمد عزرائیل صاحب مظاہری نے کہا:کہ اگر واقعی آپ حضرات چاہتےہیں کہ ملک عزیز سے تلک وجہیزکاخاتمہ ہو اور معاشرہ تلک و جہیز جیسی لعنت سے صاف وشفاف ہو ،توپھر علماء کرام اور سادھو سنت وغیرہم کوآگے آنا ہوگا،اور پوری دلجمعی کےساتھ اس کےخاتمےکے لیے سعی پیہم کرناہوگا،تب ہی جاکررفتہ رفتہ معاشرہ سےاس لعنت کا خاتمہ ہوسکتاہے۔
علماء کرام ،سادھو سنت اور دانشوران ہرگز ہراس نکاح اور شادی میں شرکت نہ کریں، جس میں معمولی بھی لیں دین کامعاملہ کیاگیاہو؛اگر اس طرح کیاگیا،توجلدہی معاشرہ سے جہیز کاخاتمہ ہوسکتاہے،اور اگر اس پر عمل نہیں کیا گیا،توپھر آپ لاکھ بھی پروگرام کرلیں؛ مگر اس کا خاتمہ ممکن ہی نہیں ہے ۔
چناں چہ موجود تمام مذاہب کے پیشواؤں کااس پر اتفاق ہواکہ ہم ہرگز اس نکاح اور شادی میں شریک نہیں ہوں گے ،جس میں کچھ بھی لین دین کامعاملہ کیاگیاہوگا۔
اخیر میں اس تنظیم کے ضلعی صدر حضرت مولانا محمد انیس الرحمن صاحب مظاہری نے تمام موجود شرکاء سےجہیزکےخلاف عہدوپیمان لیا اور پرزور اپیل کی کہ اس مشن کوآگے بڑھائیں اور معاشرہ کو جہیز جیسی لعنت سے پاک کریں ۔
ہم دعاکرتےہیں کہ اللہ تبارک وتعالی اس مشن کوقبول فرمائے اورباری تعالی جہیز جیسی لعنت کی قباحب سبھوں کےدلوں میں ڈال دے ،تاکہ بآسانی اس کاخاتمہ ہوسکے۔