غزل گوشہ خواتین

غزل: میں فدا ہوں تجھے اک نظر دیکھ کر

خیال آرائی:خوشنما حیات ایڈوکیٹ
بلند شہر اُتر پردیش بھارت

ہے عجب میرے دل پر اثر ،دیکھ کر
میں فدا ہوں تجھے اک نظر دیکھ کر

ہو مبارک امیروں کو ان کا محل
میں ہوں خوش اپنا چھوٹا سا گھر دیکھ کر

زندگی میں کبھی سچ کی راہوں کو ہم
چھوڑ سکتے نہیں پرخطر دیکھ کر

فکر ہے تجھکو میری یقیں تھا مگر
ہے تعجب تجھے بے خبر دیکھ کر

ہو غریبی تو کوٸی بھی اپنا نہیں
پاس آتے ہیں سب مال و زر دیکھ کر

خوشنما جو سمجھتے تھے خود کو خدا
آج خوش ہوں انہیں در بدر دیکھ کر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے