نتیجۂ فکر: شاہد رضا رضوی، سنت کبیر نگر
بخشش کا ساماں لے کے ہے آئی شب برات
شکر خدا کہ ہم نے ہے پائی شب برات
اللہ کے نبی نے منائی شب برات
اللہ نے بھی خوب سجائی شب برات
شب جگمگا رہی ہے تو پرنور ہے چراغ
ہر سمت نور بن کے ہے چھائی شب برات
سب مشکلیں ٹلیں گی تمھاری دعا کرو
رحمت خدا کی لے کے ہے آئی شب برات
رو رو کے گڑ گڑا کے خدا کو مناؤ تم
موقع یہ مغفرت کا ہے لائی شب برات
رب کے کرم سے کوئی بھی محروم ہی نہیں
بارش کرم کی ایسی ہے لائی شب برات
آپس کے اختلاف بھلاو گلے ملو
تم سے خفا نہ ہو کوئی بھائی شب برات
قسمت کے تارے چمکیں گے اس شب تمھارے بھی
توبہ کرو خطا سے جو پائی شب برات
ہوگی مدد تمہاری بھی اس رات میں سنو
بندوں کے واسطے مسیحائی شب برات
بدکار ہوں زمانے کا مجرم بھی ہوں بہت
میرے بھی دل کی کر دے صفائی شب برات
میرے گناہ بخشے گا رب تیرے واسطے
بندوں کی لاج تونے بچائی شب برات
شاہد پڑھو درود عبادت کی شب ہے یہ
رب نے نبی کے صدقے بنائی شب برات