آج گستاخ نرسنگھانند کی بدگوئی کے خلاف سنی تنظیمیں گرفتاری دیں گی
مالیگاؤں: 12اپریل، ہماری آواز(پریس ریلیز) آج 12؍ اپریل 2021ء بروز پیر بعد نمازِ عصر نئے بس اسٹینڈ کے پاس ایک پُر امن مظاہرہ گستاخِ رسول؛ شاتم نرسنگھانند کے خلاف ہوگا۔ سنی تنظیموں کی جانب سے ہونے والے اِس پُر امن احتجاج سے متعلق منتظمین نے بتایا کہ اہلسنّت کے مرکز بریلی شریف میں جمعہ کو جانشین حضور تاج الشریعہ قائد ملت علامہ مفتی محمد عسجد رضا خان قادری مدظلہ العالی نے جماعت رضائے مصطفیٰ کی طرف سے تاریخ ساز مظاہرے کا اہتمام کیا؛ جس سے گستاخوں کے خلاف کثرت سے عاشقانِ رسول کی بیداری کا پیغام جہان بھر میں پہنچا؛ اس احتجاج کے نتیجے میں سمتوں میں عاشقانِ رسول اپنی ایمانی حمیت کا اظہار کر رہے ہیں ۔ ان شاء اللہ مالیگاؤں میں ہونے والا یہ احتجاج بھی اہمیت کا حامل ہوگا۔ جس میں ناموسِ رسالت ﷺ کی اہمیت پرعامۃ المسلمین کو پیغام دیا جائے گا۔ اور انتظامیہ کو مطالباتی مکتوب دے کر مختلف مقامات پر مندرج ایف آئی آر پر فوری عمل در آمد کی مانگ کی جائے گی۔ اس ضمن میں نوری مشن کے ذمہ داران نے بتایا کہ اس احتجاج میں سنی جمعیۃ العلماء، نوری مشن، رضا اکیڈمی، غلامانِ عسجد رضا فاؤنڈیشن، غریب نواز اکیڈمی، سنی کونسل، سنی گروپ، دارالعلوم سیدنا امیر حمزہ، ادارۂ اصحابِ صفہ، دارالعلوم عظمت مصطفیٰ، ادارۂ فیضان اشرف، انجمن بہار اشرفی و دیگر سنی تنظیمیں شامل ہوں گی۔ کوڈ-19 کے لیے حکومتی ہدایات کا پاس و لحاظ رکھ کر یہ مظاہرہ ہوگا۔ اخیر میں گرفتاریاں بھی دی جائیں گی۔