۲ شعبان المعظم یوم وصال امام اعظم ابو حنیفہ نور اللہ مرقدہ
نتیجۂ فکر: اشرف رضا قادری
بلودا بازار، چھتیس گڑھ
امامِ بو حنیفہ پر امامت ناز کرتی ہے
فقیہِ دین و ملت پر فقاہت ناز کرتی ہے
کچھ اس انداز سے کی خدمتِ شرعِ مبیں تم نے
رسول اللہ کی تم پر شریعت ناز کرتی ہے
گذاری زندگی ایسی انہوں نے متقی بن کر
کہ تقویٰ ناز کرتا ہے ، طہارت ناز کرتی ہے
تصوف اور طریقت کے وہ ایسے رازداں ٹھہرے
کہ ان کی ذات پر اب تک طریقت ناز کرتی ہے
دکھائی اجتہادی شان اپنی دنیا والوں کو
تری فکر و بصیرت پر بصیرت ناز کرتی ہے
بہت سارے صحابہ کی زیارت تم نے فرمائی
اسی باعث تو تم پر تابعیّت ناز کرتی ہے
” عیالِ بی حنیفه ” ہے یہ قولِ شافعی برحق
” عیالِ فقہ ” ہونے پر یہ امت ناز کرتی ہے
فضائل کے وہ جامع ہیں ، محاسن کے وہ پیکر ہیں
امام اعظم پہ ہر وصف و فضیلت ناز کرتی ہے
شریعت کے محافظ ، خادمِ دینِ رسول اللہ
تمہارے جیسے ہی خادم پہ خدمت ناز کرتی ہے
رہے تا زندگی پابندِ سنت اس طرح اشرف
کہ ان پر آج تک آقا کی سنت ناز کرتی ہے