دوسری صدی کے مجدد اِمام الفقہہ حضرت امام شافعی محمد بن ادریس رضی اللہ تعالی عنہ

الدال علیٰ خیر کفاعلہ (شیئر کریں)
تحریر: اےرضویہ ممبئی
مرکز: جامعہ نظامیہ صالحات کرلا ممبئی

اللہ تعالیٰ نے حدیث اور حاملین حدیث کو بڑی عزت فضیلت اور شرف سے نوازا ہے اور حدیث رسول ﷺ کی خدمت اور حفاظت کے لیے اپنے انہی بندوں کا انتخاب فرمایا جو اس کے چنیدہ وبرگزیدہ تھے۔ اسلام میں یہ بات قابلِ اِفْتِخار ہے کہ  ہماری تاریخ ایسی جلیل ا لقدر  شخصیات سے مُزَیَّن ہے جن کی علمی وَجاہَت کا شہرہ اَطرافِ عالَم میں پھیلا ہوا ہے ۔ ان ہی روشن و   تابَنْدہ  شخصیات میں  سے  ایک   دَرَخْشاں نام عالمُ العَصْر، ناصرُ الحدیث، فَقِیْہُ الْمِلَّۃ، حضرت سیّدنا  امام ابو عبد اللہ محمد بن ادریس  شافعی رضی اللہ تعالی عنہ الکافی  کا  بھی  ہے، جو مجتہد، فقہِ شافِعی کے بانی اور عظیم رُوحانی شخصیت  کے مالک ہیں۔

امام شافعی علیہ الرحمہ نے فقہ شافعی کی بنیاد رکھی۔آپ نے اپنی خداداد علمی و فکری صلاحیتوں اور مجتہدانہ بصیرت کی بنا پر قرآن و حدیث سے مسائل فقہ بیان کیے۔اصول فقہ اور فرو ع فقہ بیان کیں۔آپؒ کے فقہ کی بنیاد سب سے پہلے قرآن کریم پھر سنت و حدیث اورپھر اجماع صحابہ پرتھی۔آپؒ صحیح حدیث کی موجودگی میں قیاس کوجائز نہیں سمجھتے تھے۔ابن عینیہ کے پاس جب کوئی تفسیر یا فتویٰ پوچھنے آتا تو آپ امام شافعیؒ کی طرف توجہ فرماتے اور کہتے کہ اس نوجوان سے پوچھیں۔ آپؒ وہ واحد فقہی امام ہیں جنہوں نے اپنی فقہ کے اصول خوداپنی زندگی میں مرتب کیے۔آپؒ کے مقلدین شوافع کہلاتے ہیں ۔
حالاتِ زندگی 150ھ میں جس دن حضرت سیّدنا امامِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ الاَکرم کا وصال ہوا اسی دن غَزَّہ  (فلسطین)میں آپ کی ولادت ہوئی۔
(وفیات الاعیان،ج4،ص23)

آپ کےدادا کے دادا حضرت سیّدنا شافِع رضی اللہ تعالٰی عنہ صحابیِ رسول تھے،انہی کی نسبت سے آپ شافعی کہلاتے ہیں۔ (المنتظم ،ج10،ص134،سیر اعلام النبلاء،ج8،ص378 ملخصاً)

کم عُمری میں ہی آپ یتیم  ہو گئے تھے اس لئے آپ کی پرْورِش اور تربیت آپ کی والدہ  نے فرمائی۔
(سیر اعلام النبلاء،ج8،ص377)

بچپن میں آپرحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کو تحصیلِ علم اور  تیر اَندازی کابے حد شوق تھا، تیر اندازی میں مہارت کا یہ عالَم تھا کہ  آپ  کے دس میں سے دس نشانے دُرُست لگتے تھے۔
(تاریخ بغداد،ج2،ص57)

حصولِ علم میں مشقتیں معاشی اِعتبارسے آپ کے ابتدائی حالات نہایت  دُشوار گزار تھے، آپ کی والدہ کے پاس استاد صاحب کی خدمت میں پیش کرنے کے لئے کچھ نہیں ہوتا تھااور کاغذ نہ ہونے کی وجہ سےکبھی ہڈیوں پراور کبھی صفحات مانگ کر ان پر احادیثِ مبارکہ لکھا کرتے۔
(سیراعلام النبلاء،ج8،ص379 مفہوماً)

صاحب علم و کمال
امام شافعیؒ علم و فنون کے بحر بیکراں تھے۔شاید ہی کوئی علم ایسا ہو جس کے متعلق آپ کو کچھ نہ کچھ علم نہ ہو۔آپ علم قرآن،علم تفسیر،علم تاویل،علم حدیث،علم آثار صحابہ علم تاریخ، علم نجوم، علم طب،علم الشعر،علم نحو، علم ادب،علم انساب،علم قیافہ،علم مناظر ہ وغیرہ کے ماہر تھے۔غرضیکہ آپ ایک جامع العلوم والفنون تھے

شدید تنگ دَسْتی کے باعث تین بار آپ کو اپنا تمام مال حصولِ علم کے لئے فروخت کرنا پڑا۔(تاریخ دمشق، ج51،ص397 ملخصاً)

اتنے سخْت حالات کے باجود آپ طلبِ علم میں لگے رہے،حصولِ علم کےلئےعرب کےدیہاتوں میں آپ نے 20 سال  گزارے اور  وہاں کی زبانوں اور اَشعار پر عبور حاصل کیا۔
(سیراعلام النبلاء،ج8،ص379 ماخوذاً)

زبردست قوّتِ حافِظہ آپ رضی اللہ عنہ بہت ذہین تھے،7 سال کی عمر میں کلامِ مجید اور10سال کی عمر میں  حدیث شریف کی کتاب”مؤطَّا امام مالِک“ صرف 9 راتوں میں حِفظ کر لی تھی۔ (تاریخ بغداد،ج2،ص60، الدیباج المذہب،ج2،ص157) 15 سال کی عمر میں آپ کو فتویٰ دینے کی اجازت مل گئی(المنتظم،ج10،ص136) لیکن اِحتِیاط کے پیشِ نظر آپ نےاس وقت تک فتویٰ دینا شروع نہ کیا جب تک دس ہزار حدیثیں یاد نہ کر لیں۔ (المنتظم،ج10،ص135)

اساتذہ وتلامذہ آپ نے اپنے دور کے عظیمُ المَرْتَبَت علمائے کرام و بزُرْگانِ دین سے علم حاصل کیا،ان میں حضرت سیّدنا امام مالک ، حضرت سیّدنامُسلم بن خالد، حضرت سیّدنا سفیان  بن عُیَیْنہ اورحضرت سیّدنا فُضَیْل بن عِیاض رحمۃ اللہ تعالٰی علیہم کے اسمائے گرامی قابلِ ذکر ہیں، جبکہ  آپ کے تلامِذہ میں  حضرت سیّدنا  امام احمد بن حنبل، حضرت سیّدناامام عبداللہ حُمَیْدی  اور حضرت سیّدناامام حسن زعفرانی علیہم الرحمۃجیسی نابِغۂ روزگار شخصیات شامل ہیں۔
(الدیباج المذہب،ج2،ص157)

آپ کی جلالتِ  علمی کو دیکھتے ہوئے آپ کو یمن  میں نَجْران کا قاضی مقرر کیاگیا۔
(البدایہ والنہایہ،ج7،ص255)

علومِ مُرَوَّجہ کی تکمیل کے دوران عراق ہی سے آپ نے اپنی فقہ (یعنی فقہِ شافعی) کی تَروِیج و تَدوین کا آغاز فرمایا۔ (ترتیب المدارک،ج3،ص179ملخصاً)
آپ نے ہی سب سے پہلے اصول ِ فقہ کے موضوع پر کتاب  تصنیف فرمائی  نیز ابوابِِ فقہ اور اس کے مسائل کی دَرَجَہ بَندی فرمائی۔
(مرآۃ الجنان،ج2،ص14 ملخصاً)

تصانیف حضرت سیّدنا امام شافعی علیہ رحمۃ اللہ الکافی نے دَرْس و تَدریس اور تَصانیف کے ذریعے علمِ دین کی خوب اِشاعت فرمائی جس کا فیضان آج تک جاری ہے، آپ کی تَصانیف میں  کتاب ”الاُمّ“، ”اَلرِّسالَۃ“، ”اِخْتِلافُ الْحَدِیث“، ”اَدَبُ الْقاضی“ اور ”اَلسَّبَق و الرَّمْی“ وغیرہ  زیادہ مشہور   ہیں۔
(اعلام للزرکلی، ج6، ص26)

عبادات اور زُہد وقناعت مُجْتَہدِ وقت ہونے کے ساتھ ساتھ آپ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نہایت عبادت گزار اور  قراٰنِ پاک کی  کثْرت سے تِلاوت کرنے والے تھے، آپ روزانہ ایک قراٰنِ  پاک اور رمضانُ المبارک  میں ساٹھ قراٰن مجید کا ختم فرماتے۔ آپ نہایت خوش آواز قاریِ قراٰن تھے، آپ کی  تلاوت سن کر لوگوں پر رِقّت طاری ہو جاتی تھی۔ (المنتظم،ج10،ص135ماخوذاً)

زُہد و قَناعت  میں بھی آپ کا اعلیٰ مقام تھا،چنانچہ آپ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے فرمایا: میں  نےسولہ سال سےکبھی سیر ہو کرکھانا نہیں کھایا۔
(لباب الاحیاء، ص32 )

بزرگوں کا آپ کی عظمت کا اعتراف آپ کی شرافت و عظمت کا شہرہ زبانِ زدِ عام تھا  یہاں تک کہ اُس دور کے صاحِبانِ کمال نے بھی آپ کے فَضائل و مَناقِب بیان فرمائے، چنانچہ حضرت سیّدنا سفیان بن عیینہرحمۃ اللہ تعالٰی علیہ فرماتےہیں: امام شافعی(علیہ رحمۃ اللہ الکافی) اپنے زمانے کے اَفراد میں  سب سے اَفضل ہیں۔ (الانتقاء، ص120)

حضرت سیّدنا امام احمد بن حَنبَل رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ فرماتے ہیں: امام شافعی علیہ رحمۃ اللہ الکافی دنیا کے لئے سورج اور لوگوں کے لئےخیر و عافیَّت کی طرح ہیں جس طرح ان دونوں کا کوئی مُتَبادِل نہیں اسی طرح ا ن کا بھی کوئی مُتَبادِل نہیں۔
(الانتقاء، ص125ماخوذاً)

وصال زندگی کی 55 بہاریں دیکھنے کے بعد علم و فضل کا یہ چمکتا سورج رجب 204ھ  جمعرات کی رات کو مصر میں غروب ہوا۔
(الدیباج المذہب ،ج2، ص160، الانتقاء،ص160)

مزار مبارَک جبل مقطم کے قریب قَرافہ صغریٰ (قاہرہ مصر) میں مَرجعِ عوام وخواص ہے ۔ اللہ  پاک کی ان پر رحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری بےحساب مغفِرت ہو۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلم

الدال علیٰ خیر کفاعلہ (شیئر کریں)

About ہماری آواز

ہماری آواز ایک غیر جانب دار نیوز ویب سائٹ ہے جس پر آپ سچی خبروں کے ساتھ ساتھ مذہبی، ملی،قومی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین اور شعر وشاعری پڑھ سکتے ہیں۔ یہی نہیں آپ خود بھی ہمیں اپنے پاس پڑوس کی خبریں اور مضامین وغیرہ بھیج سکتے ہیں۔

Check Also

حضرت فقیہ اسلام کے مشائخ طریقت

ازقلم: فہیم جیلانی احسن مصباحی فقیہ اسلام الحاج حضرت علامہ مفتی عبد الحلیم اشرفی رضوی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔