وہ عالی مرتبت ہے ذات سلطانی محمد کی
جہاں ملتی ہے خوش بختوں کو دربانی محمد کی
عجب کیا ہے اگر ہم مدح خوانی کرتے ہیں ان کی
خدا تو خود بھی کرتا ہے ثنا خوانی محمد کی
مکان ولامکاں اللہ نے تخلیق تو کر دی
مگر ہے حکمرانی اور نگہبانی محمد کی
جہاں جبریل کے پر بھی جھلس جائیں اگر جائیں
یہ وہ اعجاز ہے معراج جسمانی محمد کی
مرے آقا کی بے چینی میں امت کی شفاعت ہے
نہ دیکھی جائے گی حق سے پریشانی محمد کی
تمنا ہے کہ ساحر آپ کو اب روبرو دیکھوں
پڑھوں تفسیر میں بھی ذات قرآنی محمد کی
نتیجۂ فکر: فصیح احمد ساحر، کلکتہ