نتیجۂ فکر: محمد جیش خان نوری امجدی، مہراج گنج یوپی
نبی پر مال و زر قربان ہے صدیق اکبر کا
مقام و مرتبہ ذیشان ہے صدیق اکبر کا
زمیں کے ذرے ذرے سے یہی آواز آتی ہے
نبی کے دین پر احسان ہے صدیق اکبر کا
ہے اس کا رتبہ شاہانِ جہاں سے بالیقیں اعلی
بنا جو دہر میں مہمان ہے صدیق اکبر کا
یقینا مستحق ہو گا شفاعت کا وہ محشر میں
جو بندہ مانتا فرمان ہے صدیق اکبر کا
نبی پر جاں لٹانے کے لئے تیار ہیں ہر دم
یہی تو کاملِ ایمان ہے صدیق اکبر کا
کیا گھر بار سب قرباں نبی کے دین کی خاطر
بہت ہی رتبہ عالی شان ہے صدیق اکبر کا
خدا نے دنیا میں ان کا کیا ہے مرتبہ اونچا
عدو بھی دیکھ کے حیران ہے صدیق اکبر کا
رقم تجھ سے یہ جتنے ہو گئے اشعار ائے نوری
ترا کچھ بھی نہیں فیضان ہے صدیق اکبر کا