نتیجۂ فکر: محمد جیش خان نوری امجدی، مہراجگنج یوپی
حبیب رب اکبر کا وسیلہ ہم نہ چھوڑیں گے
وہ آقا ہیں ہمارے ذکر ان کا ہم نہ چھوڑیں گے
کبھی دل یاد آقا سے لگانا ہم نہ چھوڑیں گے
کسی صورت یہ طورِ عاشقانہ ہم نہ چھوڑیں گے
ہمیں قوت خدا نے جس قدر دی ہے یہ وعدہ ہے
پڑھیں گے ہم نمازیں اور روزہ ہم نہ چھوڑیں گے
گلی کوچو محلوں میں چھتوں پر اور مناروں پر
نبی کے نام کا جھنڈا لگانا ہم نہ چھوڑیں گے
مہ رمضان میں سن لو یتیموں اور غریبوں کو
نبی کے نام پر کھانا کھلانا ہم نہ چھوڑیں گے
ملے گر خاک طیبہ تو شفا کے واسطے اس کو
بدن پر خوب مل مل کر لگانا ہم نہ چھوڑیں گے
دوبارہ گر کبھی طیبہ میں جانا ہوگیا نوری
در سرکار پر نعتیں سنانا ہم نہ چھوڑیں گے