آج مؤرخہ 25 ذوالقعدہ 1442ھ مطابق 7جولائی 2021 بروز بدھ کو سوشل میڈیا کے ذریعہ یہ پرغم خبر موصول ہوئی۔
کہ اہل سنت و جماعت( مسلک اعلی حضرت) کی نمائندگی کرنے والی عظیم شخصیت،عالمی شہرت یافتہ خطیب ،شیررضا،خلیفہ حضور مفتی اعظم ہند،مناظر اسلام،قاطع نجدیت،ماحی خرافات وبدعات ،شہباز دکن،مفکر اسلام حضرت علامہ مفتی محمد مجیب علی رضوی(حیدرآباد) اس دار فانی سے دار آخرت کی طرف روانہ ہوگئے۔
اِنّا لِلّہ واِنّااِلیہِ راجِعو٘ن
اس عظیم سانحے سے ہر طرف رنج و غم کی لہر چھاگئی۔
آج جماعت اہل سنّت ایک ایسے خوش الحان قاری اور متبحر عالم دین کے سایہ سے محروم ہو گئی جن کی روح پرور تلاوت سے ایمان کو تازگی اور پر مغز خطابت سے قلب ونظر کو بالیدگی حاصل ہوتی تھی۔آپ کا وصال فرماجانا یقیناً جماعت اہل سنت کا عظیم خسارہ اور ناقابل تلافی نقصان ہے ۔مفتی صاحب قبلہ کے اخلاق وعادات کا ہی کمال تھا کہ آپ سے اکابر و اصاغر سبھی علماء اہلِ سنت بے پناہ محبت فرماتے۔ آپ صوم و صلوۃ کے ساتھ مسلک اعلی حضرت پر سختی سے عمل پیرا تھے۔ واقعی حضرت کی تبلیغی خدمات لائق صد تحسین و تبریک ہیں۔اللہ جل شانہ اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کے طفیل حضرت کو غریقِ رحمت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
مولی تعالیٰ حضرت کے جملہ اہل خانہ، معتقدین ومحبین اور پسماندگان کو صبر جمیل اور اس پر اجر عظیم عطا فرمائے۔رب کریم حضرت مولانا سہیل رضا صاحب قبلہ کے سر سے ابر غم دور فرمائے اور مفتی صاحب علیہ الرحمہ کا سچا جانشیں بنائے ۔
اٰمین بجاہ النبی الکریم علیہ التحیۃ والتسلیم۔
شریک غم
محمد نفیس القادری امجدی
مدیر اعلی سہ ماہی عرفان رضا مرادآباد
و استاذ جامعہ قادریہ مدینۃ العلوم گلڑیامعافی مرادآباد، یوپی، الھند۔
موبائل نمبر 8923604732