معراج النبیﷺ نعت رسول

نعت رسول: دامن میں لیے خیر ہے آئی شب معراج

از حقیر: محمد شوقین نواز شوق فریدی
خانقاہ فریدیہ جوگیا شریف کھگڑیا بہار

دامن میں لیے خیر ہے آئی شب معراج
محروم نہیں لوٹے گا کوئی شب معراج

بندوں کو خدا سے ہے ملائی شب معراج
عاصی کے مقدر کو جگائی شب معراج

امت کے لیے پیارا نمازوں کا وہ تحفہ
سرکار کو ہے رب سے دلائی شب معراج

ہم خاک کے ذرے ہیں خدا ان کا ہی جانے
آقا کی کہاں تک ہے رسائی شب معراج

حقدار جہنم تھے گناہوں کے سبب ہم
سرکار نے ہے لاج بچائی شب معراج

جس رخ سے بھی دیکھا ہے اسے اہل نظر نے
ہر رخ سے مثالی نظر آئی شب معراج

جنت کے فرشتوں کی جماعت ہے زمیں پر
ہے نور میں یہ دنیا نہائی شب معراج

آتے ہیں شہ کون و مکاں سر کو جھکا لو
حوروں نے صدا ہے یہ لگائی شب معراج

جب شاہ چلے فرش سے تو پلکوں کو اپنی
راہوں میں ملائک نے بچھائی شب معراج

پالیتا ہے ہر چیز وہ اے شوقِ فریدی
دیتا ہے خدا کو جو دوہائی شب معراج