انتقال و تعزیت منقبت

آنکھ ہےگِریاں ترے لیے

حضرت مفتی نظام الدین نوری نوراللہ مرقدہ کی یاد میں تڑپتے ہوئے دل کی آواز …

تو چل دیا تو آنکھ ہے گِریاں ترے لیے
مضطرہےدل اے نورئ ذیشاں ترے لیے

سرمایۂ ہنر کے امیں ، اے نظامِ دیں
غم گین ہے ادب کا دبستاں ترے لیے

ایسا الم ہے گلشنِ فیض الرسول کو
ہیں سارے گل تپیدہ و سوزاں ترے لیے

آدھے فلک پہ ڈوبا اچانک ترا ہلال
مُضطر ہے چرخ ، اے مہ تاباں ترے لیے

فیضِ نگاہِ نوری و اختر کے اے گہر
روشن ہوئے خزینۂ عرفاں ترے لیے

فکر رضا کے ناشر و بے باک ترجماں
دائم دفاعِ حق رہا عنواں ترے لیے

ضربِ کلیم تھی تری تقریر کی دھمک
صد آفریں ! اے غازئِ میداں ترے لیے

اخلاق اور علم کا سنگم تھی تیری ذات
کیوں کر بہیں نہ اشکِ فَراواں ترے لیے

اعلٰی تری خطابت و تدریس و شاعری
افسردہ ہیں تمام سُخن داں ترے لیے

اب بھی یقیں نہیں ہے تری موت کا ہمیں
کھولے ہوئے ہیں دید کے ایواں ! ترے لیے

جانے کدھر سے وصل کی تنویر مسکراے
ہرسو نظر ہے جلوۂ جاناں ! ترے لیے

اے جانے والے ! دیکھ پلٹ کر پھر ایک بار
ہر سمت ہیں چراغ ، درخشاں ترے لیے

اب بھی وہی ہجوم ، وہی دھوم ہے مگر
ہے ساری بزم ، اشک بَداماں ترے لیے

تربت پہ، التجاے فریدی کے گل ہیں پیش
باغِ جناں عطا کرے یزداں ترے لیے

ازقلم: سلمان رضا فرؔیدی صدیقی مصباحی
مسقط عمان
0096899633908

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے